Tag Archives: عدلیہ

انصاف اور انصاف کا قتل



تاریخ: 4 ستمبر سال 2020
خبر: کوئیٹہ کی ماڈل عدالت نے مشہور کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ مجید خان اچکزئی کو عدم ثبوت کی بناء پر ٹریفک سارجنٹ کے قتل کے مقدمے میں بری کر دیا۔
اللہ اکبر ۔۔۔۔۔اللہ کی عدالت کا فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔ اس عدالت نے عدم شواہد کی بنا پر بریت کا فیصلہ دے دیا ہے۔
سارے ثبوتوں میں ایک ثبوت گاڑی میں ڈرائیونگ سیٹ پر موجود ملزم کا وڈیو میں نظر آنا ہے۔ اور یہ ایک نا قابلِ تردید ثبوت ہے۔ مگر وکلاء نے کہا اور عدالت نے مان لیا کہ یہ ملزم نہیں ۔۔۔۔ اس کیس سے نظامِ انصاف کی قلعی پھر کھل گئی ہے۔
پوری دنیا چیخ رہی ہے کہ مجید اچکزئی ہی قاتل ہے۔ مگر اس ملک کا قانون ِ عدل و انصاف کہتا ہے کہ نہیں قاتل کوئی نامعلوم بندہ
ہے۔ کوئی فرشتہ، بھوت یا پھر ٹریفک سارجنٹ خود ؟؟؟یہاں تو وکیل یہ بھی ثابت کر سکتے تھے کے مجید اچکزئی کو تو گاڑی چلانی بھی نہیں آتی۔  مجید اچکزئی حادثے کے وقت مریخ کی سیر کرنے گیا ہوا تھا۔ وغیرہ وغیرہ۔۔
سوچتا ہوں کہ اگر اسی وکیل/جج کا کوئی بھائی بیٹا اسی طرح کسی سردار کی گاڑی کے نیچے آکر مارا جائے تو پھر یہی وڈیو ثبوت اسے مجرم ثابت کر پاتا ؟؟؟ معزز جج اور ملزم کے وکلاء کا کوئی رشتہ ہوتا سارجنٹ سے تو پھر کہانی مختلف ہوتی۔ پھر ملزم سزائے موت سے بچ کر تو دکھاتا ذرا!۔ پھر انصاف و عدل کی بے رحم اور اندھی تلوار اس ملزم کو تختہ دار تک ضرور لے جاتی۔
کسی نے کہا کہ لواحقین دیت لے چکے ہیں۔۔۔ تو مقتول تو سرکاری ملازم تھا، دورانِ ڈیوٹی شہید ہوا، اسکی وارث تو سرکارِ وقت حکومتِ بلوچستان ہے، وہ کیسے اپنے ملازمین کے خون کا سودا کر سکتی ہے؟ اسے یہ حق اسے کیسے مل گیا؟ اور جو سرکار اپنے ملازمین کو انصاف نہیں دلا سکتی وہ عوام کے مال و جان کی حفاظت کیسے کر سکتی ہے؟(اگر دیت/راضی نامہ ککی طرف جانا تھا تو پہلے سزا کا فیصلہ سناتے پھر راضی نامہ کرتے اور عدالت سے اپنا بندہ چھڑا لیتے )۔

اب تو نوحہ یہی ہے کہ یہاں انصاف بکتا ہے۔ دام ہوں تو پھر آپ لوگوں کو قتل کر کے بھی آزاد گھوم سکتے ہیں۔
اے اللہ ان ظالموں کو برباد کر دے جو ظلم کرتے ہیں ، ظلم کا ساتھ دیتے ہیں، ظلم کے ساتھی و آلہِ کا ر بنتے ہیں۔!۔
یا الٰہی اس مظلوم خاندان کی مدد فرما۔
سوشل میڈیا اور پرنٹ میڈیا کی یہ تصاویر بھی دیکھ لیں ذرا۔۔۔۔۔

یہ خبر بھی پڑھ لیں۔۔۔۔۔

جے آئی ٹی


گذشتہ دنوں حکومتِ سندھ نے 3عدد JITs اپنی ویب سائیٹ پر شائع کی ہیں۔
1۔ سانحہ بلدیہ ٹاؤن رپورٹ 2۔ نثار مورائی رپورٹ 3۔ عزیر بلوچ رپورٹ
ان تمام رپورٹوں کے بعد ایک بنیادی سوال اٹھتا ہے کہ ان رپورٹوں میں جتنے بھیانک جرائم کا اعتراف کیا گیا ہے۔ ان جرائم پر کون کارروائی کرے گا؟
1۔ حکومت ِ سندھ یا حکومتِ پاکستان؟؟؟
2۔ عدلیہ؟؟؟
3۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے( انتظامیہ)؟؟؟
یہاں پولیس، نیب، ایف آئی اے، اینٹی کرپشن کے ادارے موجود ہیں۔ جن کا بنیادی کام ہی جرائم اور جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی ہوتا ہے۔ان اداروں کا مقصدِ واحد و اول یہی ہے کہ معاشرہ ہر قسم کے جرم و فساد سے پاک رہے۔ سالانہ اربوں کے اخراجات ان اداروں پر حکومتیں قوم کے ٹیکس سے برداشت کرتی ہیں۔ پھر ان اداروں کو کارروائی کے لیے حکومتی یا عدلیہ کے اشارے کی کیا ضرورت ہونی چاہئیے؟
کیا یہ ادارے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ان جرائم کے خلاف حرکت میں نہیں آ سکتے؟
کیوں کسی افسرِ اعلیٰ، وزیرِ اعلیٰ، وزیرِ اعظم یا چیف جسٹس کے حکم کی ضرورت پڑتی ہے؟
کسی تھانیدار کو اپنے علاقے میں موجود کسی قتل، ڈاکے، چوری یا جرم کے خلاف کارروائی کے لیے پہلے وزیرِ اعلٰی سے اجازت یا ہدایت لینی پڑتی ہے؟ کیوں؟
یا اسے کسی ایسی ہدایت کا انتظار کرنا چاہئیے؟
کیا جرم کے خلاف آخری حد تک جانا اس کا فرض نہیں ہے؟ اورکیا ایسا کرنا اس کے حلف کے مطابق نہیں ہے؟
کیوں انتظامیہ کسی مجرم کے خلاف کارروائی کرنے سے پہلے اپنے اعلیٰ افسران یا سیاسی نمائندوں کی ہدایات کی منتظر رہتی ہے؟
در اصل ایسا کرنا ان کی نوکری کا جزوِ لازم بنا دیا گیا ہے۔ یہ ایک ہولناک حقیقت ہے کہ یہاں تمام پوسٹیں صرف سیاسی اثر و رسوخ اور پیسے کے بل پر تفویض کی جاتی ہیں۔ میرٹ کا دور دور تک نام و نشان نہیں ملتا ۔ آپ اس کوئلے کی کان میں خود کو بچا کے رکھ ہی نہیں سکتے۔ یا یہ نظام ایک کان ِ نمک ہے جس میں بلآخر سب ہی نمک ہو جاتے ہیں۔ دراصل میرے پاکستان میں انصاف اور عدل ایک نایاب شے بنا دیے گئے ہیں۔ اسی لیے یہ سارے تماشے لگائے جاتے ہیں! اپنی روزی روٹی حرام کی جاتی ہے اور اپنے بیوی بچوں کو لقمہ حرام کھلایا جاتا ہے۔ وہ جو کہا گیا ہے سچ کہا گیا ہے کہ”انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار کے مترادف ہے”۔
بلدیہ ٹاؤن کی رپورٹ ہی کو دیکھ لیں ۔ 2012کا واقعہ ہے، سیکڑوں معصوم لوگوں کی جان لینے والے آزاد گھوم رہے ہیں۔ اس واقعے کو برسوں گزر چکے مگر ابھی تک انصاف کے نام پر بھی کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے، کیس چل رہا ہے مگر نا کوئی سزا نا کسی مظلوم کی داد رسی ہی ہو سکی ہے۔ کسی مقتدر کو یہ توفیق نہیں ہوئی کہ وہ ان مظلوموں کو انصاف دلانے کی کوشش ہی کر لیتا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہی جب جرم پوشی کرنے لگیں، جب سیاسی اور مالی مصلحتیں انصاف کی راہ میں حائل ہونے لگیں تو پھر انصاف ہونا نا ممکن ہو جاتا ہے۔
ہم ببول اگا کر گلابوں کی خواہش رکھتے ہیں۔ وقت ہمیشہ ایک سا نہیں رہتا۔خدا کی لاٹھی بے آواز ہے۔ جب چلتی ہے تو پھر فرعون ہوں یا نمرود نشان ِعبرت بن کر رہ جاتے ہیں۔ مگر اللہ قادرِ مطلق ہے، اس کی بادشاہی زمین و آسمان میں ہے، وہ اپنے نظام ِ انصاف میں یکتا و منفرد ہے۔ پھر ڈرنا چاہئیے کہ اس کا نظامِ انصاف حرکت میں آیا تو کیا ہو گا؟ جو ہو گا پھر دنیا دیکھتی رہ جاتی ہے۔ پھر مہلت نہیں ملتی۔ انسان واقعی جاہل بھی ہے اور ظالم بھی!

!ضرورت ہے


ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو درج ذیل کام ہر قیمت پر کرا سکے، عوام ایسے رہنما کی بے چینی سے منتظر ہے۔ کچھ کاموں کی تفصیل ذیل میں دی گئی ہے؛
عوام کا احساس غلامی ختم کرائے۔
عوام کو امریکہ کی غلامی سے نجات دلائے۔
ملک کو آمریتوں کی باقیات، اثرات اور معاہدوں سے نجات دلائے۔
موجودہ دوغلے، بدعنوان سیاست دانوں اور پارٹیوں سے عوام کی جان چھڑائے۔
عوام کو اس کی طاقت، اسکے حقوق اور اسکے فرائض سمجھائے۔
ملکی وسائل کو ملکی عوام پر ہی استعمال کرے۔
عوام کو معاشی، معاشرتی اور مذہبی تحفظ مہیا کرے۔
عوام میں برداشت، اخوت، امن اور دوسروں کی عزت کا شعور پیدا کرے۔
ملک میں تعلیمی انقلاب برپا کرے۔
لوٹی گئی عوامی دولت کو واپس ملک میں لائے۔
عدلیہ اور الیکشن کمیشن کو مکمل خود مختار ادارے بنائے کہ ان میں ریاستی اداروں کی مداخلت کلی طور پر قابلِ سزا جرم ہو۔
ملک میں یکساں تعلیمی نظام لاگو کرے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کے آئینی کردار تک محدود کرے۔
سیاست کے لفظ کو کاروبار کی گالی سے نجات دلائے اور اسے "عبادت اور خدمت” کے ہم معنی بنائے۔
اے خدایا! اس قوم پر رحم فرما اور اصلاحِ احوال کی صورت پیدا فرما، آمین۔